مزید خبریں

پیپلزپارٹی نادرا گٹھ جوڑ‘ غیرملکیوں کو سرٹیفکیٹ کا اجرا جاری

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے نے یونین کمیٹی نمبر2 میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے عملے کے ساتھ مل کر افغان نژاد شہریوں کے سرٹیفکیٹس کے اجراء کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔ پیدائش ،اموات اور دیگر سرٹیفیکٹس کے لیے نادرا کی آئی ڈی کو استعمال کیا جارہا ہے ، یوسی سیکرٹری بخت علی کی سربراہی میں یوسی سے غیر قانونی طور پر مختلف سرٹیفکیٹ بنائے جار ہے ہیں۔اس حوالے سے حسن اسکوئر یونین کمیٹی 2 کے چیئرمین ریاض اظہر نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میںنے اپنی یوسی میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے عملے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے بخت علی کے غیر قانونی طریقے سے افغانیوں کے پیدائش ،اموات اور دیگر سرٹیفیکٹس کے لیے نادرا کی آئی ڈی کو استعمال کرنے کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بخت علی کورنگی ٹائون میں انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کا ملازم ہے جس کا نوٹیفکیشن 26 ستمبر 2023 کا نکلا ہوا ہے لیکن پھر بھی وہ یوسی 2 میں براجمان ہے اور اپنی مرضی سے سرٹیفکیٹ جاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک یوسی جس کی قانونی حیثیت ختم ہوگئی ہے اور یوسی جو بند ہو چکی ہے اس پر غیر قانونی طور پر بخت نامی پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک جیالہ مسلط ہے،جیالہ اپنی مرضی سے بھاری رشوت کے عوض یوسی سے برتھ،ڈیتھ اور دیگر سرٹیفکیٹ افغانیوں نژاد شہریوں کو جاری کررہا ہے۔ اس سلسلے میں جب مجھے اطلاع ملی تو میں نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے متعلقہ افسران کو اس ساری صورتحال سے آگاہ بھی کیا تاہم اس کے خلا ف تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 20نومبر بروزپیر کو ہماری یو سی ٹو کی نادرا کی جو ڈیوائس استعما ل ہورہی تھی وہ بند تو ہوگئی ہے لیکن یہ آئی ڈی تقریباً 10 روز تک استعمال ہوتی رہی ہے۔ اس سلسلے میں نادرا اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دے رہا ہے ۔جبکہ لوکل گورنمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری فاروق قاضی بھی ان سارے معاملات سے اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں آج بروز منگل فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی ( ایف ائی اے) کو تحریری طور پر ایک درخواست دے رہا ہوں جس میںمیری یونین کمیٹی میں ایک سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جو اپنی مرضی سے افغانی باشندوں کو جالی طور پر مختلف سر ٹیفکیٹ جاری کررہا ہے ۔ اس شخص کے پیچھے پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما شامل ہیں اور ان ہی کی سرپرستی میں یہ سرٹیفکیٹس جاری کیے جاتے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نادرا کے ا سٹاف ذیشان سمیت دیگر عملہ اس غیر قانونی کام میں شامل ہیں۔