مزید خبریں

ق اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پاگئے

اسلام آباد ( میاں منیر احمد)پاکستان مسلم لیگ(ن) اور(ق) لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پاگئے ہیں‘ چودھری پرویز الٰہی بھی چودھری شجاعت حسین کے ساتھ رابطے میں ہیں انہوں نے حتمی فیصلہ کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے‘ چودھری شجاعت حسین کے قریبی ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی اور چودھری شجاعت حسین کے مابین سیاسی معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے ہوجائیں گے‘ جس کے بعد گجرات سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ان کے مشترکہ امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے‘ تاہم گجرات سے مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے چودھری عابد رضا کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے‘مسلم لیگ (ق)کے رہنما چودھری شافع حسین کے مطابق(ق) لیگ کسی جماعت میں ضم نہیں ہوگی تاہم (ن)لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) اپنی انفرادی شناخت کو برقرار رکھے گی مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عوام کو نوازشریف سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا۔ اپنے ایک بیان چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا خیر مقدم کرتا ہوں، اس وقت ملک کو قومی یکجہتی اور مفاہمت کی اشد ضرورت ہے،نواز شریف کو معیشت کی بحالی،بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے سخت محنت کرنا پڑے گی۔ سربراہ (ق) لیگ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو نواز شریف سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کیا جائے،ملک کو انتقامی سیاست نہیں بلکہ مضبوط معیشت، لوگوں کو ریلیف اور قومی مفادات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے دریں اثناء تحریک انصاف کے لیے اسلام آباد میں ایک نئی مشکل پیدا ہوگئی ہے کہ اس کے تینوں سابق ایم این اے اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں چل رہے ہیں۔