مزید خبریں

پاکستان کو معجزہ ہی سیمی فائنل میں پہنچا سکتا ہے

پہلے8 میچوں میں سے 4 میں جیت اور4 میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم اس عالمی کپ میں اپنا نواں او ر آخری لیگ میچ دفاعی چمپئن انگلینڈ کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گی۔ انگلینڈ نے ابھی تک جو8 میچ کھیلے ہیں اس میں 2 میں جیت حاصل کی ہے اور6 میں شکست ہوئی ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں کوئی معجزہ ہی پہنچا سکتا ہے۔ اگر پاکستان پہلے بلے بازی کرتی ہے تو اسے انگلینڈ کو لگ بھگ

283 رنز سے شکست دینی ہوگی۔ انگلینڈ اگر پہلے بلے بازی کرتی ہے تو اس کا اسکور پاکستان کو 10 اوور سے پہلے بناکر میچ جیتنا ہوگا۔ دونوں ہی صورتوں میں پاکستان کے جیتنے کے چانس نہ کے برابر ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ابھی جو91 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں انگلینڈ نے 56 اور پاکستان نے

32 جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان تین میچ نامکمل رہے ہیں۔ عالمی کپ میں دونوں کا مقابلہ دس مرتبہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے 5 اور انگلینڈ نے 4 جیتے ہیں دونوں کے درمیان ایک میچ نامکمل بھی رہا ہے۔دن اور رات کے میچوں میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے اس نے39 میچوں میں سے23 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان نے14 میچ جیتے ہیں جبکہ دو میچ نامکمل رہے ہیں۔انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جو آخری پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میں انگلینڈ نے چار اور پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے۔

انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں تین وکٹ پر444 رنز ہے جو اس نے ناٹنگھم میں30 اگست2016 کو بنایا تھا۔ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں سات وکٹ پر361 رنز ہے جو اس نے ساوتھمپٹن میں11 مئی2019 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا۔

ایڈیلیڈ میں یکم مارچ1992 کو ہوئے میچ میں پاکستان کے کھلاڑی40.2 اوور میں74 رنز بناکر آوٹ ہوگئے تھے جو اس کا انگلینڈ کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور 8گیند والے 31.6 اوور میں122 رنز ہے جو اس نے لاہور میں13 جنوری 1978 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا

ایلکس ہیلس نے ناٹنگھم میں30 اگست 2016 کو ہوئے میچ میں166 منٹ میں122 گیندوں پر22 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے171 رنز بنائے تھے جو انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس ہے جنہوں نے برمنگھم میں13 جولائی 2021 کو ہوئے میچ میں198 منٹ میں139 گیندوں پر14 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے158 رنز بنائے تھے۔

وقار یونس کو پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کرانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے لیڈز میں17 جون 2001 کو ہوئے میچ میں دس اوور میں 36رنز دیکر 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ کریس ووکس کے پاس ہے جنہوں نے لیڈز میں ہی19 مئی 2019 کو ہوئے میچ میں 10 اوور میں 54 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔