مزید خبریں

خدیجہ شاہ ایک اور مقدمے میں جیل سے زیر حراست

لاہور (نمائندہ جسارت) ایف آئی اے لاہور نے9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں زیرحراست مشہور ڈیزائنر اور پی ٹی آئی کی کارکن خدیجہ شاہ کو ایک اور مقدمے میں جیل سے حراست میں لے لیا۔ خدیجہ شاہ کو ایف آئی اے نے مزید ریمانڈ کے لیے لاہور کی ضلع کچہری کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے سماعت کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے لاہور کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے خدیجہ شاہ کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت میں ایف آئی اے کے لیگل ایڈوائزر رانا اعجاز خلیل پیش ہوئے اور انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ9 مئی کو خدیجہ شاہ نے اشتعال انگیز ٹوئٹ کیے جو ابھی تک ری ٹوئٹ ہو رہے ہیں۔ خدیجہ شاہ کے وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خدیجہ شاہ 5 ماہ سے جیل میں ہیں،کیا خدیجہ شاہ جیل سے ٹوئٹ کر رہی ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔