مزید خبریں

پنو عاقل این آئی سی وی ڈی اسپتال سے محروم،شہری پریشان

سکھر (نمائندہ جسارت) 10 لاکھ آبادی پر مشتمل سکھر کی اہم تحصیل پنوعا قل این آئی سی وی ڈی اسپتال سے محروم ہے، جس کے باعث امراض قلب میں مبتلا علاقے کے لوگوں کو سخت پریشانی مشکلات کاسامنا ہے، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے فوری این آئی سی وی ڈی اسپتال قائم کرنے کا مطا لبہ کیا ہے، ضلع سکھر کا تعلقہ پنوعا قل جو تقریباً 10 لاکھ آبادی پر مشتمل ہے، اس کے گرد و نواح میں دادلوء سلطان پور، ہنگورو، ہالیجی شریف، بھیلار، چونگھا، سانگی، جوناس، ٹھکراٹو، مبارک پور جیسے گاؤں ہیں جن کی آبادی ہزاروں پر مشتمل ہے، ان علاقوں کے دل کے امراض میں مبتلا مریض پنوعاقل کا رُخ کر تے ہیں لیکن پنوعا قل میں ادارہ نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو سکھر اسپتال پہنچانے کی کوشش کر تے ہیں، مریض سکھر پہنچنے سے پہلے ہی جان کے خطرات لاحق ہوتے ہیں، کیونکہ پنوعا قل سے سکھر تک پہنچنے میں ایک گھنٹہ سے زائد وقت لگتا ہے اور دل کے مریض کے لیے یہ وقت بہت بڑا ہے اور مریض اسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ جاتے ہیں۔ پنو عاقل کے شہریوں نے محکمہ صحت سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری پنو عاقل میں این آئی سی وی ڈی جیسا ادارہ قائم کیا جا ئے تاکہ یہاں کے شہریوں کی زندگی بچائی جاسکے۔