مزید خبریں

سی ٹی ڈی کا دہشت گردی کیخلاف اہم کردار ہے،آئی جی بلوچستان

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کا محکمہ سی ٹی ڈی صوبے کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ایک انتہائی خصوصی شعبہ ہے جو صوبے میں دہشت گردی کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ دہشت گرد تنظیموں اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس جمع کرنا،انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جیسے کہ چھاپے اور گرفتاریاں کرنے اور انسداد دہشت گردی میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو تربیت اور مدد فراہم کرنے کے علاوہ عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور اسے کیسے روکا کے لیے کام کرتا ہے۔ شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کرنے، مجرموں کو سزا دلوانے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑ ا صوبہ بلوچستان جغرافیائی اور سماجی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہارآئی جی بلوچستان نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں 839افسران جن میں 11اسسٹنٹ ڈائریکٹر 38سارجنٹ، 790 کارپورل اور انہی میں 33لیڈی افسران پر مشتمل 98 ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پی ٹی سی محمد اشفاق عالم، پولیس افسران کے اہل خانہ، پولیس شہداء کے ورثاء اور معززین نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاس آوٹ ہونے والے پولیس افسران نے شہریوں کی عزت نفس کے تحفظ اور قانون کی پاسداری کا حلف لیا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستا ن پولیس نے مختلف ادوار میں موقع کی مناسبت سے بہت سی تبدیلیاں کر کے اور نت نئی حکمت عملی اپنا تے ہوئے و سائل کی کمی کے باوجود امن و امان برقرا ر رکھنے میں قابل ِ قد ر کر دار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے تناظر میں پاکستان کو کمزور کرنے کیلیے اندرونی حالات خراب کرنے کی غرض سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا جسے روکنے کے لیے بلوچستان پولیس نے بھی نئی حکمت عملی سے کا م لیتے ہوئے سی ٹی ڈی میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق الگ سے کارپورل سٹاف بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس یونیفارم آپ نے زیب تن کی ہے۔ اس کے تقدس کو کبھی پامال نہ ہونے دیں اور اپنے طرز عمل سے عوام کے دلوں میں اپنا اعتمادبحال رکھیں۔