مزید خبریں

نوشہروفیروز ، سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری

نوشہروفیروز(نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس(ٹریژری) سے متعلق سرکاری ملازمین و پنشنرز کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری ڈی سی آفس کے کمیٹی ہال میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کھلی کچہری میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس غلام علی سومرو ، ڈپٹی کمشنر ارسلان سلیم نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں، کھلی کچہری میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، ریونیو، پبلک ہیلتھ اور دیگر مختلف محکموں کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی جانب سے ایل پی آر، گریجویٹی، کمیوٹیشن، فیملی پنشن، جی پی فنڈ ز کی رقوم گزشتہ کافی سالوں سے نہ ملنے کی شکایات کی گئیں۔ اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس غلام علی سومرو نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سندھ کے تمام اضلاع میں جاکر ملازمین اور پنشنرز کے مسائل حل کرنے کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جارہی ہیں جس کا مقصد ان ملازمین کے مسائل حل کرنا اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا تعین کرنا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ ایسے تمام پنشنر جن کی فلڈ ریلیف میں تنخواہوں کی کٹوتی ہوئی تھی ان کو خود کار نظام کے ذریعے پہلی دسمبر کو کٹوتی کی رقم واپس مل جائے گی۔لوگوں نے جو پنشن کے کاغذات جمع کرانے ہیں وہ لسٹ میں موجود ہی نہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری کا ٹریژری حکام پر ناراضگی کا اظہار۔ سرکاری ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے علاوہ دیگر رقوم کی فراہمی کے لیے سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کے تحت ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے پنشن کے کاغذات خزانہ آفس میں جمع ہونے پر انہیں ریٹائرمنٹ کی تاریخ کے مطابق نمبر جاری کیا جائے گا، یہ لسٹ ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس لسٹ کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین و بیوائوں کو کمیوٹیشن و دیگر بقایاجات بغیر سفارش کے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست کو خزانہ آفس کا کوئی ملازم تبدیل نہیں کرسکتا جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، خزانہ آفس کے کسی بھی ملازم کی جانب سے رشوت طلب کرنے اور پریشان کرنے کے ثبوت ملنے پر اس ملازم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے مختلف اضلاع میں منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں کے دوران ملنے والی شکایات اور ثبوتوں کی بنا پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرماہ جاری ہونے والے بجٹ کے تحت 60 ملازمین کو ان کی گریجویٹی کی رقم دی جارہی ہے جسے مزید بڑھانے کے لیے اعلیٰ حکام کو سفارش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ریٹائرڈ ملازمین کو فائدہ مل سکے۔ ایڈیشنل سیکرٹری غلام علی سومرو نے ملازمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جن ملازمین اور پنشنرز کی جانب سے کھلی کچہری میں مسائل پیش کیے گئے ہیں ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ اس مسائل کے حل کے متعلق ہفتہ روزہ رپورٹ متعلقہ ٹریژری آفس سے لی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز ارسلان سلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ فنانس کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے مسائل حل کرنے کے لیے اکائونٹنٹ جنرل سندھ، ٹریژری اور ضلع انتظامیہ کے نمائندے پر مشتمل کمیٹی کی جانب سے کھلی کچہری منعقد کی گئی ہے۔کھلی کچہری میں ڈپٹی انسپکٹر ٹریژری، ڈپٹی کمشنر موجود ہیں۔