مزید خبریں

روزمرہ اشیا کی مقرر قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے،فیصل عقیلی

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ روز مرہ اشیا ضروریہ اور خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے اور قیمتیں برقرار رکھنے کے لئے اپنے اپنے اضلاع میں فعال کردار ادا کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیا خورونوش عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں اس لئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلع اور تحصیل سطح پر مارکیٹوں کے اچانک دورے کئے جائیں تاکہ بیوپاری ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری نہ کر سکیں ۔انہوں نے بیورو آف سپلائی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر نرخنامہ جاری کرکے دکانداروں اور کاروباری حضرات کو پابند کریں کہ وہ نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو قیمتوں کا معلوم ہو سکے۔ اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر ایگریکلچر مارکیٹ شہزاد پنہور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اللہ جڑیو خاصخیلی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سلیم شیخ، ڈائریکٹر اطلاعات میرپورخاص غلام رضا کھوسو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔