مزید خبریں

شفاف الیکشن کا انعقاد نگراں حکومت کی آئینی ذمے داری ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ ضلعی صدر حافظ نویداعون نے کہا ہے کہ صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی آئینی ذمے داری ہے، نگراں حکومت اپنی حقیقی ذمے داری کے علاوہ تمام دیگر امور میں دلچسپی لے رہی ہے، آئے روز مہنگائی کا طوفان برپا کردیا جاتا ہے، بجلی پیٹرول کے بعد گیس کی قیمت میں بھی 194فیصد اضافہ کردیا گیا، عوام کے لیے سانس لینا دشوار ہوگیا ہے، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نگرانوں کا مینڈیٹ نہیں، فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، مہنگائی کے خلاف تحریک جاری رہے گی۔ موجودہ حکمرانوں نے فلسطین پر بھی قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی نہیں کی۔ضلعی صدرحافظ نویداعوان نے کہا کہ نگراں حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، گیس کی قیمتوں میں حالیہ ہوش ربا اضافے کی منظوری کے بعد جس شخص کا ماہانہ بل 250روپے آتا تھا وہ اب 1900 روپے اداکرے گا، ٹیرف میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔ پیٹرول کی قیمت 61روپے لیٹر بڑھا کر 41روپے کمی کی گئی، عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت ہر چیز کے نرخ بڑھے، اب کمی نہیں کی جارہی۔ حکمران طبقات اربوں کی مراعات،مفت بجلی، گیس، پیٹرول استعمال کرتے ہیں، یہ عالمی مالیاتی اداروں کے دبائو پراپنی عیاشیاں کم کرنے کے بجائے عوام کی گردن دبوچ لیتے ہیںجو ان کے لیے ہمیشہ سے آسان ٹارگٹ رہا ہے۔