مزید خبریں

عالمی کپ، چھٹی مرتبہ پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے بازوں کی نصف سنچریاں

بنگلا دیش کے خلاف کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے عالمی کپ کے میچ میں پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز نصف سنچریاں اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ عبداللہ شفیق نے94 منٹ میں 69 گیندوں پر9 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ فخر زمان 126 منٹ میں 74گیندوں پر7 چوکوں کی مدد سے81 رنز بنانے میں کامیاب رہے ان دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں21.1 اوور میں128 رنز جوڑے۔ پاکستان نے اس میچ میں 7 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔ اس نے بنگلا دیش کو45.1 اوور میں204 رنز پر آئوٹ کرنے کے بعد32.3 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کی ۔

عالمی کپ میں پاکستان کیلیے یہ چھٹا موقع تھا جب اسکے دونوں افتتاحی بلے باز50 رنزسے بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ایسا پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف ناٹنگھم میں14, جون1975 کو ہوئے میچ میں ہوا تھا اس میچ میں صادق محمد 88 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ انکے ساتھی ماجد خان93 گیندوں پر9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے84 رنز بنانے میں کامیا ب رہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی رفاقت میں 159 رنز جوڑے پاکستان نے اس میچ میں 192 رنز سے شاندار فتح حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں6 مارچ1996 میں کھیلے گئے میچ میں 46 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ عامر سہیل نے62 منٹ میں60 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے50 رنز بنائے تھے جبکہ سعید انور113 منٹ میں67 گیندوں پر بغیر کسی چوکے یا چھکے کی مدد سے62 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں70 رنز جوڑے تھے۔

نیوزی لینڈ ہی کیخلاف مانچسٹر میں16 جون 1999 کو ہوئے میچ میں پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز 50 رنز سے بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے تھے سعید انور نے193 منٹ میں 148 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے113 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ انکے ساتھی وجہات اللہ واسطی نے166 منٹ میں 123 گیندوں پر10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 84 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں40.3 اوور میں194 رنز بنائے تھے پاکستان نے یہ میچ میں 9 وکٹوں سے جیتا تھا۔

ایڈیلیڈمیں آئیر لینڈ کے خلاف 15 مارچ2015 کو ہوئے میچ میں پاکستان نے7 وکٹوں سے جیت حاصل کی پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز50 رنزسے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے احمد شہزاد نے94 منٹ میں71 گیندوں پر7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے جبکہ سرفراز احمد200 منٹ میں 124 گیندوںپر 6 چوکوں کی مدد سے101 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ پہلی وکٹ کی شراکت میں22.4 اوور میں120 رنز جوڑے گئے تھے۔

رواںعالمی کپ میں آسڑیلیا کے خلاف بنگلور میں 20 اکتوبر2023 کو ہوئے میچ میں پاکستان کے دونوں افتتاحی بلے باز نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے مگر اس میچ میں پاکستان کو62 رنز سے شکست ہوئی تھی پہلی وکٹ کی شراکت میں عبداللہ شفیق اور امام الحق نے 21.1 اوور میں 134 رنز جوڑے تھے عبد اللہ شفیق نے93 منٹ میں61 گیندوں پر7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے64 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے جبکہ انکے ساتھی امام الحق نے107 منٹ میں71 گیندوں پر10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں چاروں افتتاحی بلے باز 50رنز سے بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تھے عالمی کپ میں یہ پہلا اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ 14 واں موقع تھا جب ایک میں چاروں افتتاحی بلے باز50رنز سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔