مزید خبریں

سندھ حکومت الیکٹرک بس ’ای وی 3‘بحال نہیں کرسکی

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عوام سے اپنے وعدے کی تکمیل کرنے میں ناکام،30اکتوبر سے الیکٹریکل بس ای وی3 بحال کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پیر کے روز، ای وی تھری کے نام سے پرانی اور چھوٹی ریڈ بسیں کسی اور روٹ سے لاکر ایک بارپھر اسی روٹ پر بحال کردی گئیں،سابق وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے وزارت کی مدت ختم ہونے سے چند دن قبل سفید رنگ کی الیکٹریکل بس ای وی3کے نام سے ملیر چیک پوسٹ 5 سے براستہ صفوراچورنگی، موسمیات، کامران چورنگی، پرفیوم چوک، ملینیم مال، ڈالمیا، آغا خان اسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی تک چلانے کا اعلان کیا تھا ۔ یہ سفید رنگ کی الیکٹرک بسیں ایک ہفتے بھی اس روٹ پر نہیں چل پائیں اور بسوں کی چارجنگ کا بہانا بنا کر انہیںبند کردیا گیا۔ جبکہ اس سے قبل بھی سفید رنگ کی الیکٹرک بسوں کی جگہ چھوٹی ریڈ بسیں ای وی تھری کے نام سے چلائی جارہی تھیں۔ اس حوالے سے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذارئع کا کہنا ہے کہ اب تک الیکٹرک بسوں کی چارجنگ کا مسلئہ حل نہیں ہوا ہے سابقہ حکومت نے بغیر کسی منصوبہ بندی اور جلد بازی میں ان بسوں کو چلایا تھا جس سے ان کی جماعت کی مارکیٹنگ ہوسکے ۔دوبارہ سے اس ای وی تھری روٹ پر چلائی جانے والی چھوٹی ریڈبسیں گنجائش کم ہونے کے باعث گلستان جوہر اور اس کے اطراف کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ شہری چنگچی رکشا، ٹیکسی اور دیگر پرائیوٹ بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب مسافروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جسارت کو بتایا کہ ای وی تھری کے روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں سے 100 روپے کرایہ وصول کیے جانے کی شکایات عام ہیں ۔سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس (پی بی ایس) کے نگراں ادارے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کو شہر میں چلنے والی بسوں کے کرائے میں 100 فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ذارئع کے مطابق این آر ٹی سی نے آئندہ ماہ سے پیپلز بس سروس کے تمام راستوں کے کرایوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے جسارت نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آپریشن منیجر کا شف خان سے ر ابط کیا تو انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی مصروف ہوں آپ مجھے سے منگل کی صبح رابط کرلیں اگر میں مصروف نہ ہوا تو آپ کے سوالوں کا جواب دوں گا اور انہوں نے اپنا موبائل فون بند کردیا۔