مزید خبریں

ضلع میں امن و امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے

سکھر(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے قریشی گوٹھ کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے جے آئی یوتھ کے کارکن نوجوان کے لواحقین سے کی تعزیت اور زخمی ہونے والے قاسم تنیو کی جلد صحتیابی کے دعا کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائے اور زخمی کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔انہوں کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے آئے روز چوری ڈکیتی اور رہزنی سمیت اغوا کی وارداتیں ہو رہی ہیں جس کے باعث شہریوں کی زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 دن قبل شہر کے بیچ قتل ہونے والے صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سکھر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ضلع سکھر سندھ کا امن پسند شہر ہے لیکن اب یہ شہر بدامنی کی بری طرح لپٹ میںآگیا ہے شرپسند عناصر شہر کے امن کو تباہ کررہے ہیں پولیس کی عدم توجہی اور ناقص پالیسی کی بدولت شہر میں چوری ،لوٹ مار ،ڈکیتی کی واردتیں بڑھ گئی ہیں منشیات کی کھلے عام فروخت ،سماجی برائیوں میں اضافہ لمحہ فکر بنتا جارہا ہے شہری عدم تحفظ کی فضا میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے بالا حکام سے نوٹس لیکر شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور نوجوان کے قاتلوں کی گرفتاری کا پرزور مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر جماعت اسلامی سکھر کی جانب سے سکھر پولیس کے خلاف احتجاج کی کال دی جائے گی۔نائب امیر ضلع رضا اللہ گھمرو سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔