مزید خبریں

اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر تشویش ہے ،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آبا(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ،میاں طاہرایوب،شیخ محمدمشتاق،انجینئرعظیم رندھاوا، اجمل حسین بدر نے شہرمیںسٹریٹ کرائم اور بینکوں میںڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے گزشتہ چند دنوں میں ڈاکو دن دیہاڑے بینکوں اور شہریوںسے کروڑوں روپے کی رقوم چھین کر لے جا چکے ہیں ۔ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں۔ مجرم اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ حکومت ختم ہو گئی ہے لیکن چوروں اور ڈکیتوں نے عوام کی جان نہیں چھوڑی ۔ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوئوں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے۔شہری اپنی عزت، جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلا کیاجا رہا ہے، عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں ۔ فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔