مزید خبریں

کشمیرپربھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ آج منایا جائیگا

کراچی ( رپورٹ\محمد علی فاروق )27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں بھارت کے جبری تسلط کے خلاف ”یومِ سیاہ” منایا جائے گا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شیخ عبدالماجد نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 76 برس قبل 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی حکومت نے اپنی فوجیں کشمیر کی سر زمین پر اْتاریں۔ اس دن سے لے کر آج تک بھارت کشمیریوں پر ظلم و تشدد کی نئی داستانیں رقم کرتا آیا ہے ، پون صدی کے اس طویل عرصے میں کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا لیکن کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے آگے ہتھیار ڈالنے کے بجائے جموں کشمیر میں تعینات 10 لاکھ بھارتی افواج کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اورحق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ 2 نومبر1947 میں آل انڈیا ریڈیو پر خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے الفاظ ریکارڈ پرہیں کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کیا جائے گا۔ کشمیریوں کو وعدے کے مطابق استصواب رائے کا حق دینے کے بجائے بھارت سرکار جموں کشمیر پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کو دوام دیتی رہی ۔جابرانہ قبضے کو سند دینے کے لیے بھارتی حکمرانوں نے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرکے 5اگست2019کو آئین میں تبدیلی کی اور ریاست جموں کشمیر کو 2 یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کردیا اور متنازع ریاست کی حیثیت تبدیل کرکے مسلم آبادی کو ہندو آباد کاری سے کم کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔ غیر قانونی طور پرترمیم کیے گئے ڈومیسائل قانون کے تحت بھارتی حکومت نے تقریباً 41 لاکھ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ غیر ریاستی باشندوں کو جاری کیے ہیں۔مسلم اکثریتی ریاست کو ہندو اکثریت میں تبدیل کرنے کی پالیسی انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ حریت رہنما نے کہا ہے کہ ان نازک حالات میں مؤثر حکمت عملی اپنا کر بھارتی منصوبوں کو خاک میں ملانا ہوگا وگرنہ جموں کشمیر کوفلسطین جیسی صورتحال سے کوئی نہیں بچا سکتا۔