مزید خبریں

فلسطین بحران: القدس کمیٹی کے وفد کی ملائیشین ہائی کمشنرسے ملاقات

لاہور( نمائندہ جسارت)قومی القدس کمیٹی کے وفد نے جمعرات کو اسلام آباد میں کمیٹی کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی قیادت میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات غزہ میں اسرائیل کی جانب سے قتل عام رکوانے اور سنگین انسانی صورت حال کے پیش نظر امداد پہنچانے کی کوششوں کے لیے تھی۔ وفد میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی، مرکزی رہنما مجلس وحدت المسلمین امین شہیدی، سیکرٹری اطلاعات جمعیت العلماء پاکستان طاہر رشید تنولی اور سابق سفیر ایاز وزیر شامل تھے۔راجہ ظفر الحق نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کے جرأت مندانہ موقف کی تحسین کی جو انھوں نے اپنے حالیہ سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے دورے کے دوران اختیار کیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، ملائیشیا، سعودی عرب، ایران، مصر اور ترکی مشترکہ مضبوط موقف اختیار کریں۔ فلسطین میں جاری اسرائیلی بمباری اور وحشیانہ قتل عام فوری طور پر رکوایا جائے۔ وفد نے تجویز پیش کی کہ ان چھ مسلمان ممالک کی حکومتیں عالمی سطح پر فلسطینیوں کے ساتھ یوم یکجہتی کی اپیل کریں اور دنیا بھر کے انصاف پسند حکمرانوں اور عوام غزہ میں قتل عام کو رکوانے کے لیے یکجہتی کا اظہار کریں۔ ملائیشیا کے سفیر نے کہا کہ ملائیشیا میں حکومت اور عوام یک آواز ہیں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ہماری متفقہ قومی پالیسی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت نے انسانی بنیادوں پر ریلیف کا سامان غزہ پہنچانے کے لیے مصر کی حکومت سے رابطہ کیا ہے، جلد ہی ملائیشیا کے وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ غزہ میں قتل عام کو جلد از جلد رکوایا جائے۔