مزید خبریں

گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ شرمناک اقدام ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گیس کی قیمت میں ظالمانہ اضافے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر ایک مرتبہ پھر گیس بم گرا دیا ہے ۔ گیس کی قیمتوں میں 193 فیصداضافے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی ایما پرعوام پر مہنگائی کا مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے ۔اس کو فی الفور واپس لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافہ سے گہریلو صارفین اور صنعتی شعبہ شدید متاثر ہوگا۔بجلی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باعث بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا جن دن بدن بے قابو ہوتا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میںاضافہ بھی کاروباری طبقے کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ عوام کے لیے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر دہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گہر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لیے رقم میسر نہیں رہی۔ بجلی کے بلوں، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام پر مہنگائی کے حملے کرنے کے بجائے الیکشن کمیشن سے مل کر صاف اور شفاف الیکشن کروائے ۔ عام انتخابات کے انعقاد سے ہی ملک میں جاری آ ئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔ ملک کو 76برسوں سے آٹا مافیا ، چینی مافیا ، لینڈ مافیا ، پیٹرول مافیا ، ایل پی جی مافیا اور گندم مافیا نے لوٹ مار کی آماجگاہ بنا رکھا ہے جبکہ رہی سہی کسر جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پوری کر دی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کے مجموعی قرض 64ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ مقامی قرضوں کا بوجھ 24 فیصد اضافے کے بعد 39 ہزار 792 ارب روپے ہو چکا ہے صرف ایک سال کے دوران حکومت نے 14ہزار 394 ارب روپے کا قرض حاصل کیا ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قرض کون سے عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے کسی کو کچھ پتا نہیں۔