مزید خبریں

کرائے کم نہ کرنے والے پبلک ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی ہوگی ، محمد ارسلان

نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم نے ضلع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے بعد کرایوں میں فوری طور پر کمی کریں ورنہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ فوری طور سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر ہٹا دیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وہ آج اپنے آفس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈی ایس پی موٹروے پولیس قمر زمان کھوسو، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹریفک سارجنٹ نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف دیا ہے اور یہ ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت میں عام مسافروں تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے تمام ٹرانسپورٹ مالکان سے کہا کہ وہ کرایہ نامہ کی فہرست ٹرانسپورٹ کے اڈوں اورگاڑیوں میں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کرایہ نامہ چیک کریں گے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ سے فوری طور پر سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر ہٹائے جائیں۔ انہوں نے تمام ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی آفس سے فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ حاصل کریں ۔انہوں نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپوٹرز کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔