مزید خبریں

محکمہ داخلہ سندھ کا غیر ملکیوں کو انکے وطن واپس بھیجنے کا نوٹیفکیشن جاری

 

سکھر(نمائندہ جسارت) محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اس ضمن میں ڈویژنل لیول پہ کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پولیس رینجرز سمیت تمام اداروں کو ممبر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز آپس میں رابطے کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو گرفتار کرنے کے بعد سکھر میں مختص جگہ پر سخت سیکورٹی میں رکھا جائے گا۔یہ بات کمشنر سکھر ڈویژن سمیع الدین صدیقی نے اپنی زیر صدارت تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی اور غیر قانونی مقیم کو واپس بھیجنے کے سلسلے میں قائم ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔اجلاس میںڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف افسران اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔کمشنر سکھر نے کہا کہ تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بغیر عوام کو فراہم کی گئی سیکورٹی واپس لی جائے اور تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بغیر کوئی بھی گارڈز حاصل نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکورٹی کی فراہمی کی درخواستیں تمام اسٹک ہولڈرز سے لی جائیں اور بعد میں منظوری کے لیے کمیٹی کو پیش کی جائیں۔کمشنر سکھر ڈویژن نے تمام ڈی سیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح تک اقلیتوں کے معززین سے میٹنگ کریں اور ان سے دھمکیوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں تاکہ وہ کسی بھی مشکوک شخص پر کڑی نظر رکھیں اور فوری طور پر مقامی پولیس سے رابطہ کریں یا کنٹرول روم پر اطلاع دیں۔