مزید خبریں

سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ صدی کے بڑے انسان تھے، راشدنسیم

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے اسلامی مرکز جڑانوالہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سید مودودیؒ صدی کے بڑے انسان تھے جن کے نظریات پوری دنیا میں زیربحث اور اسلامی نظام حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ مغربی تھنک ٹینکس کا خیال ہے کہ اسلامی بنیاد پرستی کی اصل وجہ سید مودودیؒ کا لٹریچر ہے، ان کے نزدیک بنیادپرستی کا مطلب اسلامی نظام حکومت کے لیے کوششیں کرنا ہیں، مغرب کے اسکالرز اخوان المسلمون کی مقبولیت میں بھی سید مودودیؒ کے کردار کو دیکھتے ہیں، وہ جماعت اسلامی پر بھی کڑی نظررکھے ہوئے ہیں۔ ایک ایرانی دانشور کا کہنا ہے کہ مولانا مودودیؒ کا اسلامی حکومت کا نظریہ پوری امت میں مقبولیت حاصل کر گیا، دیکھنا یہ ہے کہ یہ عملی طور پر کس وقت نافذ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام سروے یہ بتاتے ہیں کہ عوام اسلامی نظام حکومت چاہتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ سیکولر بودوباش رکھنے والی سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے بیانیہ میں اسلامی اور مدینہ کی ریاست کو شامل کر لیا ہے اگرچہ یہ اسلامی ٹچ ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ جس طرح مغرب کی معیشت اور معاشرت کروٹیں بدل رہی ہیں اور مادیت پرستی سے انسان بیزار ہو رہے ہیں، آنے والے دنوں میں دین فطرت ہی انسانیت کی رہنمائی کرے گا۔