مزید خبریں

بیت المقدس ہاتھ سے نکل گیا تو عالم اسلام مستقل بنیادوں پر غیر محفوظ ہوجائیگا، لیاقت بلوچ

شیخوپورہ / لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں فلسطین علما و مشائخ کانفرنس کی انتظامی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل صہیونی جنگی جرائم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے۔ امریکا، بھارت اور یورپ کا کردار گھناؤنا، غیر انسانی اور متعصبانہ ہے۔ پورے ملک میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے، عالم اسلام کی قیادت تاخیر نہ کرے اور مظلوم فلسطینی عوام کو ظلم، درندگی ، نسل کشی اور قتل عام سے بچائیں، قبلہ اول بیت المقدس ہاتھ سے نکل گیا تو عالم اسلام مستقل بنیادوں پر غیرمحفوظ اور لاغر ہوجائے گا،25 اکتوبر کو منصورہ میں فلسطین کی آزادی کی حمایت اور اسرائیلی صہیونی ظلم و قتل و غارت گری کے خلاف قومی علما و مشائخ فلسطین کانفرنس منعقد کی جائے گی۔لیاقت بلوچ نے صفدر آباد شیخوپورہ میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر پارٹی کو آئین و قانون کے مطابق سیاست کا پورا حق ملنا چاہیے۔ کسی بھی پارٹی کو نوازنے کے لیے دوسروں کے ہاتھ پاؤں نہ باندھے جائیں۔ میاں نواز شریف کو عمران خان دور میں جن مہربانوں نے باہر بھیجنے کا وی آئی پی انتظام کیا، اب تازہ مہربان بھی ان کی واپسی کے لیے اسی طرح کا وی آئی پی اہتمام کررہے ہیں۔ ریاستی ادارے کیوں ایسی مشقت سے گزررہے ہیں جس کا ثمر ملک و ملت کے حق میں کڑوا ہوتا ہے۔ سیاسی استحکام کے لیے لازم و ناگزیر عمل یہ ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں، عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔ بینظیر بھٹو باہر سے آئیں، بڑا استقبال اور مینار پاکستان پر جلسہ ہوا۔ عمران خان نے 2013ء میں مینار پاکستان پر جلسے سے عروج پایا اور اب میاں نواز شریف باہر سے آئے اور ماضی کی طرح بے تحاشا اخراجات کے ساتھ جلسہ منعقد کرلیا، لیکن سیاست کا یہ طریقہ واردات سیاست، جمہوریت، پارلیمانی عمل کے لیے تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان 28 جنوری 2024 ء کو الیکشن ڈے قرار دے اور تمام جماعتوں کے متفقہ ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائے، قبل از انتخابات دھاندلی کی وارداتیں روکی جائیں۔