مزید خبریں

اشتعال انگیز گفتگو کیس : مریم اورنگزیب نے بریت کی درخواست دائر کردی

لاہور (نمائندہ جسارت) انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمہ میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی، عدالت نے جاوید لطیف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، مریم اورنگزیب نے بریت کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو سے متعلق کوئی کردار نہیں ہے، ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو کی ذمے دار میں نہیں ہوں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست منظور کرکے بری کرنے کا حکم جاری کرے، تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔ علاوہ ازیںانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے سلسلے میں لاہور کینٹ میں واقع راحت بیکری کے سامنے پولیس گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے کے مقدمہ میں ملوث خاتون ملزمہ خدیجہ شاہ ابھی تک اپنے خلاف دائر دو مقدمات میں ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع نہیں کروا پائیں۔ عدالت نے خدیجہ شاہ کو 2 مقدمات میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ پولیس نے ملزمہ خدیجہ شاہ کو ایک تیسرے مقدمہ میں عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عدالت سے خدیجہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے معاملہ کو التواء میں رکھ لیا۔ ملزمہ کے وکلا نے اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور عدالت عالیہ کے فیصلے تک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے خدیجہ شاہ کا جسمانی ریمانڈ دینے یا نہ دینے کا معاملہ زیرالتوا رکھ کر لیا ہے۔مزید برآں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں نواز شریف کے حق میں 2018 میں ریلی میں پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں اہم پیشرفت ہوئی، عدالت نے ملزم محمد اعظم کے پیش نہ ہونے پر اشتہار جاری کر دیے جبکہ لیگی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی ملک سیف الملوک کھوکھر ، افضل کھوکھر ،شفیع کھوکھر سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے، پولیس نے 2018 کے مقدمہ میں ملزمان کو بے گناہ قرار دے کر اخراج رپورٹ بنائی،پراسیکیوشن نے پولیس کی اخراج رپورٹ کو مسترد کر دیا تھا، ملزمان کے خلاف مقدمہ 1045/18 تھانہ نواب ٹاؤن میں درج ہے۔