مزید خبریں

کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق، پیپلزبس 2 روٹس پر بند کردی گئیں

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق،پیپلز بس سروس کے نام سے چلنے والی بسیں 2روٹس پر بند کردی گئیں، کراچی کے شہری چنگچی رکشوں میں دھکے کھا کر سفر کرنے پر مجبور ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کا گزشتہ 17برس میں کراچی والوں کو پیپلز بس سروس (ریڈ لائن)کے نام سے بسیں دے کر فخر کرنے اور شہر قائد پر احسان کا قصہ سنانے والی حکومت کی پیپلز بس سروس بند کردی گئی ہے،سابق وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اپنی وزارت ختم ہونے کے چند روز قبل سفید رنگ کی الیکٹرک بسیں روٹ نمبرای وی تھری کے نام سے ٹینک چوک سے نمائش تک شروع کی تھی ایک ہفتے بھی نہیں چل پائی اور بند ہو گئی ہے اس کی جگہ پرانی چھوٹی ریڈ لائن بسیں کسی اور روٹ سے لاکر چلائی جارہی تھی اسے بھی بند کردیا گیا ہے، شہریوں کو سستی سواری کی سہولت چند ماہ بھی میسر نہ آسکی اور مزید بسیں چلانے کا دعویٰ بھی پورا نہیں کیا جاسکا ہے۔ اسی طرح سابق وزیر موصوف نے تمام رنگ برنگی چلنے والی بسوں کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے حوالے سے ایک بڑی پریس کانفرنس اور اس سے قبل چینل اور اخبارات کو دیے جانے والے کروڑوں روپے کے اشتہارات کے باوجود بسوں کے لیے موبائل ایپلی کیشن بھی تاحال کام نہیں کررہا ہے اور نہ ہی مسافروں کو بسوں میںوائی فائی کیمرے سمیت دیگر کوئی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔پیپلز بس سروس اچانک بند ہو نے سے مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ دفاتر سے گھروں پر واپسی کے لیے دشواری کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے، شہری چنگچی رکشوں میں دھکے کھا کر سفر کرنے پر مجبور ہیں،پیپلز بس سروس کی بندش پر کراچی کے شہریوں نے سندھ حکومت کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف دکھاوے کیلئے بسیں چلائیں تھیں، مقصد پورا ہوگیا تو بسیں بند کردیں ہیں ، پیپلز پارٹی کی سابقہ سندھ حکومت نے عوام کو کچھ نہیں دیا ہے۔ای وی تھری اور ای وی ٹوکے بس روٹس پر بسیں بند ہونے کے حوالے سے آپریشن منیجر نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن( این آر ٹی سی) عبدالشکور نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس روٹس کے حوالے سے ہمارے پاس بہت زیادہ شکایات آرہی تھیں اور ہمیں ان روٹس پر چلنے والی بسوں کو فوری معطل کرنے کا حکم دیا گیا تو ہم نے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے بس سروس معطل کردی ہے،جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کے پاس اس روٹ کے حوالے سے کس قسم کی شکایات موصول ہورہی تھی تو انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں مزید کیچھ نہیں کہہ سکتا ہوں آپ مزید معلومات کے لیے سندھ ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے رابط کر لیں ۔بعد ازیںجب سندھ ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ترجمان امبرین فاطمہ سے ای وی تھری اور ای وی ٹوکے بس روٹس پر بسیں بند ہونے کے حوالے سے رابط کیا تو انہوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیا ر کیا کہ بس سروس تکنیکی وجوہات پر عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔بسوں کی سروس بہتر بنانے کے لیے ہماری ٹیم کوششیں کر رہی ہے، تاکہ مسافر آسانی کے ساتھ ان بس روٹس پرسفرکرسکیں تاہم انہوں نے یہ بات بتانے سے انکار کردیا کہ پیپلز بس سروس دوبارہ سے ان روٹس پر کب تک بحال ہوگی۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کے سابقہ دور میں خریدی جانے والی گرین بسوں کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے پیپلز بس سروس منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت آنے والی 30 بسیں جلد کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔