مزید خبریں

اسرائیل درندہ صفت ریاست کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ،پی ٹی آئی

اسلام آبا د(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے اور اقوامِ متحدہ او آئی سی اور عرب لیگ سمیت عالمی برادری سے غزہ میں سنگین جنگی جرائم پر اسرائیل کے کڑے محاسبے کا مطالبہ کر دیا ہے،ترجمان نے کہا کہ اسرائیل ہر لحاظ سے ایک بدمعاش، سفاک، دہشت گرد، عالمی انسانی اقدار اور عالمی قانون کو خاطر میں نہ لانے والی درندہ صفت ریاست کے طور پر ابھر کر دنیا کے سامنے آیا ہے،نہتّی شہری آبادی پر
آگ اور بارود برسانے اور ہزاروں فلسطینیوں کو اپنے جنگی جنون کا ایندھن بنانے کے بعد اسرائیل کی اسپتال پر بمباری انسانیت کا وحشیانہ قتل ہے، معصوم عورتیں، بوڑھے اور بچّے پچھلے دس روز سے اسرائیل کی اندھی طاقت کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، اسرائیل مقبوضہ فلسطینوں کیخلاف سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب سے اجتناب کے حوالے سے اقوامِ متحدہ سمیت دنیا بھر سے اٹھنے والی آوازوں کو پیروں تلے روند رہا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی پر بضد اسرائیل کی لامحدود جارحیّت پورے خطّے کی سلامتی اور امن کیلیے خطرہ بنتی جارہی ہے،عالمی طاقتوں خصوصاً اہلِ مغرب کا اسرائیل کے حوالے سے معذرت خواہانہ رویّہ عالمی قانون کے چیتھڑے اڑانے اور لاکھوں فلسطینیوں کو زندگیوں کے بنیادی حق سے محروم کئے جانے کے خطرے سے دوچار کررہا ہے،چیئرمین عمران خان نے پیہم اصرار اور صراحت سے اہلِ عالم کے سامنے اسرائیل کو عالمی قانون کا پابند بنانے اور فلسطینیوں کے ان کی زندگیوں اور سرزمین پر حق کو تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔