مزید خبریں

صدرکی پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے رہنمائوں کی صدر عارف علوی سے ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پرآگئی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات رائوف حسن اور وکیل عمیر نیازی نے چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم پیغام پہنچایا، سابق وزیراعظم اسٹیبلشمنٹ سمیت ہر کسی سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔صدر عارف علوی کو سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ
سے مذاکرات کا ٹاسک مل گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سب سے مل کر چلنے پر بھی آمادگی ظاہر کردی ہے،سابق وزیراعظم عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے آزادانہ حصے لینے بارے بھی صدر کا کردار چاہتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر کو عسکری قیادت سے ملاقات کرنے اور اپنا پیغام پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عارف علوی کی سربراہی میں اعلی مذاکراتی کمیٹی بنانے کی بھی تجویز دی گئی، سانحہ 9 مئی کے حوالے سے بھی سابق وزیراعظم اپنے موقف پر نظر ثانی کے لیے تیار ہیں۔ صدر عارف علوی نے سابق وزیر اور رابط کار محمد علی درانی کی ملاقاتوں کی تفصیل سے وفد کو آگاہ کیا۔