مزید خبریں

آسٹریلیا کی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی، سری لنکا کوتیسری شکست

لکھنؤ/ کراچی (سید وزیر علی قادری) سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست کے بعد آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی مل گئی۔لکھنئو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023ء کے 14 ویں میچ میں سری لنکا کا 210 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 35.2 اوورز میں پورا کرلیا۔ شاندار بولنگ پر آسٹریلیا کے ایڈم زمپا مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے 8 اوورز میں 45 رنز دیکر 4 وکٹیں لیں۔سری لنکا سے میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر
10سے 8 ویں پوزیشن پر آگیا جبکہ سری لنکا 8 سے نویں نمبر پر چلا گیا۔ نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں انڈیا پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ، افغانستان اور بنگلا دیش بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا اور چوتھے اوور میں ہی 24 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گر گئیں۔ چوتھے اوور میں 24 رنز کے مجموعی اسکور پر دلشان مدوشناکا نے آسٹریلیا کے دو بلے بازوں کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ڈیوڈ وارنر 11 اور اسٹیون اسمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے۔15 ویں اوور میں 81 کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 52 رنز بناکر رن آؤ ٹ ہوئے۔ 29 ویں اوور میں 158 کے مجموعی اسکور پر مارنوس لبوشین40 رنز بناکر مادھو شناکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 34 ویں اوور میں جوش انگلس 58 رنز بناکر دونیتھ ویلالگے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکن اوپنرز کی جانب سے 125 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرنے کے باوجود سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کے 8 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔ سری لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 125 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاتھم نسانکا 61 رنز، کسال پریرا 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے4، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔