مزید خبریں

ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے انگلینڈ کو شکست دیدی

نئی دہلی (سید وزیر علی قادری) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں پہلا اپ سیٹ، افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی، افغانستان کے 285 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک نے 66 رنز بنائے تاہم انکے علاوہ کوئی بھی بلے باز افغان بولرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا۔ مجیب الرحمان مین آف دی میچ قرار پائے۔ دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا،افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، افغان اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 114 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 58 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 جبکہ اکرام علی خیل نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ابراہیم زادران 28 رنز بناکر بناسکے، محض 8 رنز کے اضافے سے افغان بیٹرز نے 2 وکٹیں مزید گنوائیں، رحمت شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 14، عظمت اللہ عمرزئی 19، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمان 28 رنز بناسکے۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور انگلینڈ کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں 3 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب جونی برسٹو 2 رنز بناکر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 11 رنز بناکر مجیب الرحمان کا شکار بنے۔ 13ویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ ملان 32 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان جوز بٹلر صرف 9 رنز بنا سکے۔ لیام لیونگ اسٹون 10، سیم کرن 10 اور کرس ووکس 9 رنز بناسکے۔ ہیری بروک 66، عادل رشید 20 اور مارک ووڈ 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ ریس ٹوپلی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3، محمد نبی نے 2، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد افغانستان کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے پوائنٹس ٹیبل میں چھٹی پوزیشن پر آگئی جبکہ انگلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔