مزید خبریں

مظلوم فلسطینی مدد کیلئے ابابیلوں کے منتظر ہیں،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور میں مسجد شہدا کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص، مرد و خواتین، بچے، بوڑھے شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکاء￿ نے اپنے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز، بینرز، فلیکسزاور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ لوگوں نے اپنے نہتے اور مظلوم فلسطینی بھائیوں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمان، مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے ابابیلوں کے منتظر ہیں۔ آج قبلہ اول مسجد اقصیٰ،امت کو پکار رہی ہے۔مسلمانوں کی زمین پر ہی ایک نا جائز ریاست کا قیام کر کے مسلمانوں پر ہی ان کی زمین کو تنگ کر دیا گیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطین کی آزادی کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ امت مسلمہ کو آج اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔مسلم ممالک کی طرف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی فورسز کی وحشیانہ بمباری میں 1447 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، 6ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی بمباری کی وجہ سے 3 لاکھ 38 ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے غزہ میں ہمارے 92 مراکز کام رہے ہیں جس میں سوا 2 لاکھ کے قریب فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے لیکن اسرائیل ان مراکز پر بھی بمباری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی فوری طور پر ناکہ بندی ختم کرکے پانی، خوراک اور ایندھن کی فراہمی شروع اور بجلی بحال کی جائے۔ اس وقت لاکھوں شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ غزہ میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر دہائیوں سے جاری مظالم کا ردعمل ہے۔فلسطینیوں کو دفاع کامکمل حق حاصل ہے۔ اسرائیلی جارحیت اور غیر قانونی قبضے کے خلاف حماس کا جوابی حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان اگر متحد ہو جائیں تو دنیا کی کسی بھی بڑی قوت سے ٹکرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کر کے پوری دنیا کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ امریکا، یورپ اور اقوام متحدہ اپنی بے حسی، جانبداری، مسلم دشمنی ترک کریں اور مسئلہ فلسطین انصاف اور حق کی بنیاد پر حل کیا جائے۔