مزید خبریں

اسرائیل عالمی امن کیلیے مستقل خطرہ ہے،پیرریاض احمد سعدی

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علماء مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیرریاض احمدسعدی نے کہاہے کہ اسرائیل عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ اور مہذب دُنیا کے سینے پر ناسُور ہے۔ اسرائیلی صہیونی دہشت گردی نے فلسطینیوں پر ظلم و جبر، قتل و غارت گری اور فلسطینیوں کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کی انتہا کردی۔ غزہ سے فلسطینیوں نے اپنی زمین واگزار کرانے، اسرائیلی ناجائز قبضے کے خاتمے اور آزادی کے لیے اپنا جائز حق استعمال کرتے ہوئے جرات، دلیری سے پیش قدمی کی۔ اسرائیل بمباری کے ذریعے عام نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں کو قتل اور بستیاں برباد کررہا ہے۔ امریکا، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی طرف سے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی منافقت، غیرجمہوری اور غیرانسانی روِش کی بدترین مثال ہے۔ پوری دُنیا کے مسلمان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بعض اسلامی ممالک اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی جرات مندانہ مزاحمت کی بنیاد پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے ترک کردیں۔ سعودی عرب، پاکستان، ترکی اور ایران مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ فلسطینیوں کی حفاظت اور اسرائیلی صہیونی ناجائز قبضے کے خاتمے کے لیے فوری کردار ادا کریں۔ چین، امریکا اور روس کے لیے موقع ہے کہ مسلمانوں کے جائز حق کے لیے غیرمتعصبانہ اور حق پر مبنی کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ نظامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہی پاکستان کے بحرانوں کا حل ہے۔