مزید خبریں

ورلڈکپ: روہت شرما کی ریکارڈ ساز اننگز سے افغانستان کوشکست

نئی دہلی /کراچی (سید وزیر علی قادری ) آئی سی سی مینز عالمی کپ میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات روہت شرما کی شاندار سنچری تھی ۔ یہ ہی نہیں انہوں نے افغانستان کے خلاف میچ میںکئی ریکارڈز توڑے۔ ورلڈکپ کے9ویں میچ میں بھارت نے کپتان روہت شرما کی ریکارڈ ساز اننگزکی بدولت افغانستان کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ بھارت نے افغانستان کا 273 رنز کا ہدف با آسانی 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،ان کی اس اننگز میں 5 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ ایشان کن نے47 ، ویرات کوہلی 55 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ شریاس ائیر نے 25 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بدھ کو افغانستان اور بھارت کا میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے، حشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کے خلاف افغانستان کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گری، جب جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔اس کے بعدرحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جب کہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین بھیجا ۔ 63 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت اللہ عمر زائی اور حشمت اللہ شاہدی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 121 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عظمت اللہ عمر زائی 62 اورحشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ محمد نبی نے 19، راشد خان نے 16، مجیب الرحمن نے 10 اور نوین الحق نے 9 رنز بنائے، یوں افغانستان نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اسکور کیے۔بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور کلدیپ یادیو اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔