مزید خبریں

فلسطینیوں نے اللہ پر بھروسہ کر کے ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کا راستہ اختیار کرلیا

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن عمیس عزیزنے کہا ہے کہ پون صدی سے مظلوم فلسطینی صہیونی اسرائیلی حکمرانوں کے مظالم برداشت کر رہے ہیں، ان کے علاوہ پُرمسلح دستوں، ٹینکوں اور بلڈوزر کے ذریعے قبضے کرنے کا عمل سالہاسال سے جاری ہے۔ بے چارے فلسطینی اپنے گھروں کو بلڈوزر ہوتے دیکھتے اور اگر آواز اٹھاتے تو عورتوں، بچوں اور بوڑھوں سمیت گولیوں سے بھون دیے جاتے ہیں۔ ساری دنیا کے نام نہاد مہذب ممالک بلکہ تمام مسلم حکمران بھی اس سب کچھ کو دیکھ رہے تھے، مگر کہیں سے مظلوموں کے حق میں آواز نہ آتی تھی۔ناظم ڈویژن نے کہا کہ آخر فلسطینی مظلومین نے اللہ پر بھروسہ کر کے ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کا راستہ اختیار کیا۔ اسرائیلی جہازوں کی سول آبادیوں پر اندھا دھند بمباری سے بہت سی عمارتیں منہدم اور سیکڑوں شہری شہید ہوچکے ہیں، مگر اس مرتبہ پہلی بار اسرائیلیوں کو بھی دن میں تارے نظر آ گئے ہیں۔ جوبائیڈن سے لے کر یورپ اور بھارت کے حکمران بھی یہودیوں کے ساتھ کھڑے اور انھیں مدد پہنچانے کے دعوے کر رہے ہیں، یہ ان لوگوں کا دوغلا پن ہے۔ یہ قابل تحسین امر ہے کہ ترکی، ایران، قطر، کویت اور یمن نے کسی حد تک مظلوموں کے حق میں آواز اٹھائی ہے، انھیں روس، چین اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کر کے مظلوم کے حق میں تیار کرنا چاہیے۔ ظلم کا خاتمہ ان شاء اللہ ہو کر رہے گا۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کا مقدر فنا اور بربادی ہے۔