مزید خبریں

پاکستان نے ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کردی، سری لنکا کو شکست

حیدرآباد دکن/ کراچی (سید وزیر علی قادری) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں سری لنکا کوشکست دیتے ہوئے پاکستان نے 345 کا ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کردی، پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ورلڈکپ کا سب سے بڑا ہدف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت حاصل کیا اور 345 رنز کا ہدف صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق 113 اور محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، عبداللہ شفیق کواوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ 345 رنز کا ہدف ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا ہوا سب سے بڑا ہدف ہے۔ منگل کو ورلڈکپ کا آٹھواں میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد دکن میں کھیلا گیا جہاں لنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، جس کے ساتھ ہی سری لنکا ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف سب سے بڑا ٹوٹل کرنے والی ٹیم بن گئی، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو منتخب کیا اور صرف 5 رنز پر حسن علی کی گیند پر کوشال پریرا صفر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 102 رنز پر گری جب پاتھم نسانکا 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بعد ازاں کوشال مینڈس اور سمارا وکرما نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس لگائے اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔ اس دوران مینڈس نے سری لنکا کی جانب سے ورلڈکپ کی سب سے تیز ترین سنچری بھی اسکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 100 رنز پورے کیے۔ سمارا وکرما نے بھی ون ڈے کیریئر کی اپنی پہلی سنچری اسکور کی، 89 گیندوں پر 108 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 4، حارث رؤف نے 2 اور شاداب، نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابر اعظم صرف 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس لگائے، ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے پہلے عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد محمد رضوان نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سنچری بنائی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 176 رنز کی شراکت داری بھی قائم ہوئی۔ تاہم عبد اللہ شفیق 103 گیندوں پر 10 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق و رلڈکپ ڈیبیو میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہیں۔ محمد رضوان 121 گیندوں پر 131 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو ریکارڈ جیت دلوادی، افتخار احمد بھی 22 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ون ڈے ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آئیں اور ہر بار گرین شرٹس نے سری لنکا کو شکست دی۔