مزید خبریں

حماس نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے اسرائیل کے خلاف حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کو عین حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ دنیا بھرکے مسلمان فلسطین کی پاکیزہ زمین پر صیہونیوں کے ناپاک قبضہ کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ جماعت اسلامی فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے9اکتوبرسے16اکتوبرتک ملک بھرمیں ہفتہ یکجہتی فلسطین منائے گی۔انہوں نے کہاکہ فلسطینی نسل درنسل آزادی کی جنگ جرأت و استقامت سے لڑ رہے ہیں۔ لاکھوں فلسطینی مرد، خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں، عالمی ادارے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کر کے پوری دنیا کے امن کو تباہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل ایک ناپاک اور ناجائز ریاست جو سرزمین مقدس پر نہ صرف قابض ہے بلکہ اس عرصے میں اس نے فلسطین کی مظلوم عوام، خواتین اور معصوم بچوں ہر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے ہیں، صہیونی ریاست نے فلسطینیوں کے جسمانی قتل عام کے ساتھ ان کا معاشی قتل عام بھی کیا۔ فلسطینی عوام آزادی کے لیے اپنی جدوجہد میں حق بجانب ہے۔ امت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ یورپ اور اقوام متحدہ اپنی بے حسی، جانبداری، مسلم دشمنی اور صہیونی نوازی ترک کریں اور مسئلہ فلسطین انصاف اور حق کی بنیاد پر حل کیا جائے، مٹھی بھر یہودیوں کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جائے۔ عالم اسلام ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرے، قبلہ اول کی بازیابی ملت اسلامیہ کی گردن پرقرض ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے ترک کئے جائیں، عالم اسلام اور امت کا اتحاد ہی عزت اور کامیابی کا راستہ ہے۔انہوںنے تمام اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کی تحریک آزادی میں ان کا ساتھ دیں۔