مزید خبریں

پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں 9تا15اکتوبر، ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔ جس میں ہر سطح پر احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ پاکستان کے 25کروڑ غیور عوام اپنے مصیبت زد ہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاشٹ اسرائیلی حکومت مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔معصوم لوگوں کے خلاف جارحانہ طرز عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔فلسطین، کشمیر سمیت دنیا میں جہاں بھی ظلم و نا انصافی کا بازار گرام ہے وہاں امن کو قائم کرنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بنیادی ذمے داری ہے۔ اسرائیل اور بھارت دہائیوں سے قتل عام کر رہے ہیں۔ مگر مجال ہے کہ کسی بھی انسانیت کے علمبردار ملک کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل کے حالیہ تنازع میں 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور1600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں بجلی کی بندش اسپتالوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی میں 123,000 سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے 74,000 کے قریب اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ واضح اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا جائے۔ اسرائیل ایک نا جائز ریاست ہے جس نے فلسطین میں ہزاروں مسلمان، مرد و خواتین، بچوں، بوڑھوں کو شہید کیا اور مسلمانوں کی زمینوں پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔اس وقت تک دنیا میں امن کو خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک ظلم و ستم اور بربریت کا یہ سلسلہ ختم نہیں ہو جاتا۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنا دہرا معیار تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔