مزید خبریں

ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دیدی

حیدرآبادد کن/کراچی ( سید وزیر علی قادری ) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے نیدر لینڈز کو 99 رنز سے شکست دے دی۔کیویز کے 322 رنز کے جواب میں ڈچ ٹیم 47 ویں اوور میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔کرکٹ ورلڈکپ کے 5ویں روز بھارتی حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد میچ میں نیدرلینڈز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے۔کیوی ٹیم کی جانب سے ولینگ 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیوی کپتان ٹام لیتھم نے 53 اور رچن رویندرا نے 51 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ ڈیرل مچل نے 48 اور ڈیون کونوے نے 32 رنز بنائے، مارک چیپمین 5 اور گلین فلپس 4 رنز بناسکے۔نیدرلینڈز کی جانب سے اریان دت، وین میکیرن اور وین ڈرمروے نے2,2 وکٹیں حاصل کیں، باسڈیلیڈا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔322 رنز کے جواب میں نیدرلینڈز کے بلے باز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہے، اْن کی وکٹیں ایک کے بعد ایک گرتی رہیں، کولن ایکرمین نے 69 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 30 رنز کی باری کھیلی۔نیدرلینڈز کی ٹیم47 ویں اوور میں223 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پلیئر آف دی میچ سینٹنر نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی پیش کی اور 59 رنز کے عوض 5 ڈچ کھلاڑیوں کا شکار کیا، ایونٹ میں یہ نیوزی لینڈ کی مسلسل دوسری فتح تھی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا ورلڈکپ میں یہ دوسرا میچ تھا، نیدرلینڈز کو پہلے میچ میں پاکستان سے شکست ہوئی تھی جب کہ نیوزی لینڈ نے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔