مزید خبریں

عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں، جاوید قصوری

 

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پلڈاٹ کے مطابق 15ویں قومی اسمبلی کے 5 سال کے دوران قومی اسمبلی کے ایک دن کا اوسطاً خرچہ 6 کروڑ 65 لاکھ اور اجلاس کے ایک گھنٹے کا اوسطاً خرچہ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے رہا۔ ارکان کی حاضری 61 فیصد رہی جبکہ 15ویں قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ عوامی ایشوز پر آواز جماعت اسلامی کے رکن عبدلاکبر چترالی نے کی۔الحمدللہ ، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو اجاگر کیا ہے اور ہم آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے3 سال میں قومی اسمبلی نے 126 بلز منظور کیے تھے تاہم اتحادی حکومت کے 16 ماہ کے دوران 153 بلز منظور کیے گئے۔نگران حکومت نے ہٹ دھرمی کا لبادہ اوڑھ لیا ہے ۔ عوام اپنی جھولیاں اٹھا اٹھا کر ظالم حکمرانوں نے نجات کے لئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔ پنجاب کے 113 گرڈ اسٹیشنز پر ایک سال کے دوران 100ارب روپے کی بجلی چوری کا انکشاف حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مجموعی قرض 64ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ مقامی قرضوں کا بوجھ 24 فیصد اضافے کے بعد39ہزار 792 ارب روپے ہو چکا ہے صرف ایک سال کے دوران حکومت نے 14ہزار 394 ارب روپے کا قرض حاصل کیا ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قرض کون سے عوام کے فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے کسی کو کچھ پتا نہیں۔