مزید خبریں

مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے ،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے 50ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو بھی ٹیکس نیٹ ورک میں شامل کرنے کا مطالبہ تشویشناک ہے۔ کم آمدن رکھنے والے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔مزدورں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے، یہی وجہ ہے کہ آئے روز میڈیا پر معصوم بچوں کو قتل کرنے کی خبریں آتی ہیں۔ موجودہ حالات میں لوگوں کے لیے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ترین مرحلہ بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملکی قرضوں میں 600ارب کا اضافہ ہو چکا ہے۔ شرح سود نے لوگوں کے کاروبار تباہ کر دیے ہیں۔ ملکی سرمایہ دار بیرون ملک کا رخ کر رہے ہیں۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز، ایف بی آر، ریلوئے، واپڈا، پولیس سمیت تمام ادارے کرپٹ افراد کی لوٹ مار کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ ہر جگہ عوام کو لوٹا جاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کرپشن کی روک تھام کرنے والا ادارے بھی کرپٹ افراد کے رحم و کرم پر ہیں۔روزانہ پانچ ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالا مال بنایا ہے، ہنر مند افرادی قوت سے نوازا ہے مگر اس کے باوجود نا اہل، کرپٹ حکومتوں کی وجہ سے مسائل کے گرداب میں پھنس کر رہ گیا ہے۔دنیا میں کشکول اٹھائے پھیرنے والے حکمران اپنے اللوں تللوں پر کٹ لگانے کو تیار نہیں ہیں۔ جو جتنا بڑا چور،ڈاکو اور لیٹرا ہے وہ اتنے ہی بڑے عہدے پر فائز ہے۔ جن لوگوں کی جگہ جیل ہے وہ بھی عوام کے نمائندے اور لیڈر بن کر لوٹ رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ25کروڑ عوام ان کو مسترد کریں اور ایسی قیادت کو موقع دیں جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہو۔بد قسمتی سے جو بھی بر سر اقتدار آیا اس نے ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔