مزید خبریں

ٹاؤن ایجوکیشن آفیسرز سے محکمہ انسداد رشوت ستانی کے نام پر رشوت طلب

کراچی (رپورٹ: حماد حسین) محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایسٹ پرائمری نے انسداد رشوت ستانی کے نام پر ٹاؤن ایجوکیشن آفیسروں سے25 ہزار روپے بھتہ مانگ لیا۔ ڈسٹرکٹ میں خواتین و مرد کے 4 ٹائون ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ
ایجوکیشن آفیسر ناگراج کی ہدایت پر سینئر کلرک حامد کی جانب سے جمشید ٹاؤن (میل وفیمیل) اور گلشن اقبال ٹاؤن کے (میل و فیمیل) کے ایجوکیشن افسران کو بذریعہ واٹس ایپ وائس نوٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ انسداد رشوت ستانی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کے قائم اسکولوں کا گزشتہ 5 سال کا ڈیٹا طلب کیا ہے آپ لوگ جلد از جلد یہ تفصیلات آفس میں جمع کروائیں۔ جس پر کچھ ڈی اوز کی جانب سے اپنے اسٹاف کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس بھیجوایا تاکہ انسداد رشوت ستانی کی جانب سے طلب کی گئی تفصیلات اور مذکورہ خط کی کاپی بھی حاصل کرکے تفصیلات اکٹھی کی جائیں تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈی او ایسٹ پرائمری کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا کہ آپ لوگوں کے پاس اتنا پرانا ڈیٹا نہیں ہوگا جبھی میں انسداد رشوت ستانی میں بات کرکے آگیا ہوں۔ ہر ٹی او 25 ہزار روپے ڈسٹرکٹ ایجوکشن آفس میں جمع کروادے۔ ذرائع کے مطابق کچھ ٹی اوز کی جانب سے ڈی او ایسٹ پرائمری کو مطلوبہ رقم دینے سے انکار کردیا گیا اور انسداد رشوت ستانی کو ان کا طلب کیا گیا ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی تھی۔ جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں تعینات سینئر کلرک حامد کی جانب سے رقم نہ دینے والے ٹی اوز کو رقم کم کرکے15 ہزار دینے کا کہا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹی اوز کی جانب سے یہ اصرار کیا گیا کہ انسداد رشوت ستانی کا مذکورہ خط ہمیں دیا جائے تاکہ ہم ا س پر کام کا آغاز کریں۔ تاہم ایک ہفتے سے زائد گزرنے کے باوجود تاحال ڈی او ایسٹ پرائمری نے مذکورہ خط کسی بھی افسر کو نہیں دکھایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں ہر جائز و ناجائز کام کے لیے سینئر کلرک حامد کی جانب سے رقم کا تقاضہ کیا جاتا ہے۔