مزید خبریں

رواں سال24خودکش حملے ہوئے ،14 افغانیوں نے کیے، نگراں وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 خودکش حملوں میں سے 14 میں افغانی ملوث تھے، افغانستان سے ہم پر حملے ہوتے ہیں جس کے ثبوت ہم افغان حکام کے سامنے رکھتے ہیں، افغانستان میں شیخ ہیبت اللہ کے فتوے پر عمل ہونا چاہیے۔یہ بات انہوں نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہی۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ویب پورٹل کے ذریعے غیر قانونی پناہ گزینوں، غیر قانونی جائدادوں کے حوالے سے اطلاع دی جاسکے گی جس پر انعام بھی دیا جائے گا، منشیات کے خلاف سخت سے سخت ترین اقامات اٹھائے جارہے ہیں، بلوچستان میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا ہے، مزید سخت آپریشن کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کی جنگ میں اپنے اداروں کو مضبوط کررہے ہیں نادرا ایک قومی سیکورٹی محکمہ ہے جس کا ڈیٹا بہت اہم ہے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کی گئی ہے، چیئرمین نادرا کا ڈیجیٹل ورک میں بہت کردار ہے وہ نادرا کو ٹھیک کریں گے۔انہوں نے کہاکہ غیرقانونی پناہ گزینوں کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں، ہم اپنے گھر کو آرڈر میں لے کر آرہے ہیں پاکستان میں 44 لاکھ افغانی ہیں جن میں سے صرف 17 لاکھ 30 ہزار قانونی طور پر مقیم ہیں ہمارے پاس صلاحیت موجود ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو نکال سکیں۔