دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے رات گئے دیر الزور شہر کے اردگرد فوج کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا، جس میں 2فوجی زخمی ہو گئے، جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ پیر کی شب 11بج کر 50منٹ پر اسرائیلی دشمن نے دیر الزور کے آس پاس میں عسکری تنصیبات پر فضائی حملہ کیا۔ دشمن کی اس جارحیت کے نتیجے میں 2فوجی زخمی ہوئے ،جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بشار حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کو رکوانے اور تل ابیب کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنانے کے لیے سنجیدہ اقدام کرے۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے شام میں ایران، لبنانی حزب اللہ اور مسلح ملیشیا سے تعلق رکھنے گروہوں کے ٹھکانوں پر حملوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسرائیل شام کے اندر بار بار فضائی حملوں کے بعد ذمے داری قبول نہیں کرتا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شام میں صدر بشار الاسد کی جائے پیدائش کے قریب بحیرہ روم کے ساحلی شہر طرطوس پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 2فوجی ہلاک اور 6زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے بحیرہ روم کی سمت سے میزائل برسائے اور طرطوس میں فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیل نے گزشتہ چند سالوں میں شام میں جتنے اہداف پر حملے کیے ان میں زیادہ تر ساحلی صوبوں پر بمباری سے گریز کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں روس کے اہم فوجی اثاثے موجود ہیں۔