واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے یوکرین کو بیلسٹک میزائل بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج مبینہ طور پر صدر جو بائیڈن کی منظوری کے بعد یوکرین کو کلسٹر ہتھیاروں سے لیس ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ایک انٹرویو میں آرمی اسسٹنٹ سکریٹری ڈوگ بش نے کہا کہ امریکا اس صورتحال میں تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ بیلسٹک میزائل تیاری کرنے والی لاک ہیڈ مارٹن کمپنی کے مطابق آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا گائیڈڈ میزائل ہے جو آپریشنل کمانڈروں کو جنگ جیتنے کے لیے فوری فائر پاور فراہم کرتا ہے۔ یہ میزائل پہلی بار 1991 ء میں عراق کے خلاف امریکی فوجی آپریشن میں تعینات کیے گئے تھے۔دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی روس کے ساتھ جنگ لڑنے والے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے فرنٹ لائن کے دورے پر پہنچ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اپنے دورے میں زیلنسکی نے محاذ جنگ پر موجود فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فوجی عہدے داروںنے انہیں جنگ سے متعلق بریفنگ بھی دی۔