نئی دہلی(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اورنیپال کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں افراد زخمی ہوگئے، زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا اورلوگ گھروں سے باہر نکل آگئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی ، گہرائی 10 کلو میٹر اور مرکز نیپال میں تھا۔تفصیلات کے مطابق نیپال میں یکے بعد دیگرے 2 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مرکزی ہائی وے بند ہو گیا۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق وزیر داخلہ راما اچاریا نے بتایا کہ ہمالیائی خطے میں آنے والے 6.3 اور 5.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ضلع بجھنگ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے مرکزی ہائی وے بلاک ہوگئی۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق نیپال میںزلزلے کے جھٹکوں کے بعد این سی آر کے علاقے اور شمالی بھارت کے کئی حصوں میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، نئی دہلی میں لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے لیکن کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 40 سیکنڈ سے زاید تک محسوس کیے گئے جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ریاست اترپردیش کے شہروں لکھنؤ، ہاپْر اور امروہہ کے ساتھ ساتھ اترکھنڈ میں بھی محسوس کیے گئے۔ دہلی پولیس کی جانب سے بیان میں شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ لفٹ کے استعمال سے گریز کریں اور عمارتیں خالی کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی بھارت میں 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔