حیدرآباد دکن /کراچی (سید وزیر علی قادری) ورلڈ کپ کے آغاز میں محض ایک روز باقی ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ گزشتہ روز وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا نے بھی قومی ٹیم کو 14رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے دیے گئے 352رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر الیون 337رنز بنا سکی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کو ترجیح دی جو کامیاب رہی۔ پاکستان کے بولرز کو لینتھ و بریتھ بھلاتے ہوئے کینگروز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی گرین شرٹس کی کارکردگی نے سیلیکشن کی پول کھول دی۔ ورلڈکپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست ہوگئی۔352 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 337 رنز بناسکی، بابراعظم نے 90 اور افتخار احمد نے 83 رنز بنائے۔اس کے علاوہ محمد نواز نے 50 اور فخرزمان نے 22 رنز اسکور کیے جبکہ حسن علی اور امام الحق نے 16 ،16 رنز بنائے۔حیدرآباد کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔کینگروز کی جانب سے گلین میکسویل 77 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیمرون گرین نے ناقابل شکست نصف سنچری (50 رنز) اسکور کی۔اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48 ، 48 رنزکی اننگز کھیلی،جبکہ مارنس لبوشین نے 40 ، مچل مارش نے 31 اور اسٹیو اسمتھ نے 27 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد وسیم ، حارث رؤف ، شاداب خان اور محمدنواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔فاسٹ بولر حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 9 اوورز میں 97 رنز دیے۔ وارم اپ میچ میں نائب کپتان شاداب خان نے کپتانی کی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔