حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سائٹ حیدرآباد انڈسٹریل ایریا فیکٹری مالکان سعد الحسن، حضرت الرحمن، شبیر احمد، مشتاق اور ساجد نے سائٹ انڈسٹریل ایریا حیدرآباد کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب کرتالاب کا منظر پیش کررہا ہے۔یہاں بڑی فیکٹریاں موجود ہیں، سیوریج کا گندہ پانی فیکٹریوں میں بھرا ہوا ہے جس کے باعث فیکٹریاں بند ہونے سے غریب مزدور طبقہ بے روزگار ہو رہا ہے، فاقہ کشی پر مجبور ہے مگر کوئی اس سنگین صورتحال کا نوٹس نہیں لے رہا۔اس سلسلے میں سائٹ انڈسٹریل ایریاکے فیکٹری اور مالکان مزدور 2اکتوبر2023ءبروز پیر 2:30بجے فتح چوک ریلوے پھاٹک پر واسا انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر ینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کا بوسیدہ نظام اور نالوں میں کچرے کے ڈھیر لگنے کے باعث مصروف سڑکیں اور فیکٹریاں گندے پانی کا تالاب بن گئے ہیں، سیوریج مسائل سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر بھی تعفن و بیماریاں پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ سمیت واسا حکام، کمشنر و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیاکہ وہ واسا کی نااہل انتظامیہ کو برطرف کرکے نئی انتظامیہ کے ذریعے سیوریج کے پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے اور بڑے نالوں سے نکالی گئی غلاظت کو صاف کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں۔