مزید خبریں

آجر مزدوروں کو بروقت اجرت ادا کریں ، بیرسٹر عمر سومرو

کراچی (کامرس رپورٹر)سندھ کے نگراں وزیر برائے قانون و مذہبی اموربیرسٹر محمد عمر سومرو نے کہا ہے کہ مزدوروں کے زیادہ تر معیارات پہلے ہی 1500 سال پہلے نازل ہونے والے قرآن و سنت کے مطابق ہیں۔آجروں کا فرض ہے کہ وہ مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کریں اور انہیں تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی سمیت بروقت اجرت ادا کریں تاکہ ایک مطمئن ورکر محنت و لگن سے کام کرے اورادارے کو منافع بخش بنا سکے۔یہ بات انہوں نے ایمپلائرز فیڈریشن پاکستان کے زیراہتمام 17ویں پیشہ ورانہ سیفٹی، ہیلتھ اور انوائرمنٹ ایوارڈز برائے سال 2022 کی تقسیم تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پر صدر ای یف پی ملک طاہر جاوید، آئی ایل او کنٹری ڈائریکٹر گیئر ٹینسٹوئل، سابق صدر مجید عزیز، نائب صدر فیروز عالم، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران میاں اکرم فرید، ڈاکٹر یوسف سرور، ہمایوں نذیر اور اطہر اقبال، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنما ظہور اعوان اور سائیٹ سیورز کی سی ای او منزہ گیلانی بھی موجود تھیں۔عمر سومرو نے قرآن پاک اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تفصیلی حوالہ جات پیش کیے جو آجر اور ورکرزکے درمیان صحت مند تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف اجرت ہی نہیں بلکہ ٹرانسپورٹیشن، فیملی کیئر جیسی سہولیات اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ورکرز کو معاہدے کے مطابق ادائیگی کی جائے اور اسے کام کے مقام پر ہراساں نہ کیا جائے۔یہ امر خوش آئند ہے کہ بہت سے روشن خیال آجر آئی ایل و کے تمام بین الاقوامی لیبر معیارات کی مکمل تعمیل کرتے ہیں اور اس سے پاکستان کے امیج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔صدر ای ایف پی ملک طاہر جاوید نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ پیشہ ورانہ سیفٹی، ہیلتھ اور انوائرمنٹ دراصل گھر سے شروع ہوتی ہے اور ہم آجر کام کی جگہ پر اوش کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہیں۔ کاروباری اداروں کے لیے ہے کہ وہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس کے معاملے میں تعمیل کریں۔کنٹری ڈائریکٹر سائٹ سیورز منزہ گیلانی نے ہیلتھ و سیفٹی کو فروغ دینے میں اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔