مزید خبریں

ستمبرمیں ساڑھے4ارب کے ریفنڈ ادا کیے ،زبیر بلال

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) ایف بی آر ان لینڈ ریونیو فیصل آباد کے چیف کمشنر زبیر بلال نے کہا کہ ریجنل ٹیکس آفس نے ستمبر کے مہینے میں ساڑھے 4ارب روپے کے ریفنڈز ادا کئے جبکہ ٹیکس وصولیاں اس سے نصف ہیں، اپنی آمدنی کے حساب سے ٹیکس دینا ہر شہری کا قانونی و اخلاقی فریضہ ہے لہٰذااگر کسی شخص نے 5کروڑ کی گاڑی خریدی ہے اور وہ ٹیکس بھی نہیں دے رہا تو پھر اسے ثابت کرنا ہوگا کہ اس نے یہ گاڑی غیر ملکی زرمبادلہ یا زراعت کی ٹیکس فری آمدن سے خریدی ورنہ ایسا نہیں ہوگا کہ وہ ٹیکس نہ دے۔وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں صنعتی، کاروباری، تجارتی، درآمدی، برآمدی شعبہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کے مقابلے میں ٹیکس ریٹرن داخل کرانے والوں کی شرح نصف سے بھی کم ہے جسے بڑھانے کیلئے ایف بی آر نے 30محکموں اور بینکوں سے ڈیٹا شیئرنگ شروع کر دی ہے تاہم پہلے مرحلے میں صرف بڑی بڑی ٹرانزیکشنز کرنے والوں کو ہی نوٹس جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس دینے اور لینے والوں میں اعتماد کا فقدان ہے جسے دور کرنے کیلئے باہمی رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے پوٹینشل ٹیکس دہندگان کو نوٹسزکے ذریعے ہراساں کرنے کی بجائے انہیں خوشی سے ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دی جائے گی۔