مزید خبریں

نجی شعبہ شپنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے ، معاون خصوصی وزیراعظم

کراچی ( کامرس ر پورٹر )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میری ٹائم وائس ایڈمرل (ر) افتخار راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت میری ٹائم سیکٹر میں ہونے والی نئی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شپنگ پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس میں ان تمام پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی جو تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیادہ عزم کے ساتھ حصہ لینے کے قابل بنائیں گے۔میری ٹائم اکنامک سیکیورٹی بھی بہت اہم ہے حالانکہ یہ میری ٹائم نیول سیکیورٹی سے مختلف ہے لہٰذا ضروری ہے کہ میری ٹائم اکنامک سیکیورٹی اور میری ٹائم ملٹری سیکیورٹی کو یکساں اہمیت دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلوبل کومپیکٹ نیٹ ورک پاکستان اور میری ٹائم اینٹی کرپشن نیٹ ورک ڈنمارک کے زیر اہتمام میری ٹائم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے صدرجی سی این پی صدر مجید عزیز، ڈائریکٹر جنرل پورٹس اینڈ شپنگ عالیہ شاہد، ایم اے سی این کے میتھیاس باک، پاکستان سنگل ونڈو کے ڈومین آفیسر عدنان رفیق،پراجیکٹ ایڈوائزر تنویر احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ جی سی این پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خالد جونیجو نے تقریب کو منظم اور پراجیکٹ منیجر محمد اکرم نے پینل ڈسکشن کو ماڈریٹ کیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی وائس ایڈمرل (ر) افتخار راؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سال غیر ملکی شپنگ لائنز کو 7 ارب ڈالر سے زائد کی ادائیگی کرتا ہے اور یہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر بہت بڑا بوجھ ہے۔