مزید خبریں

لاڑکانہ : سنی تحریک کے زیر اہتمام سالانہ میلاد مصطفی کانفرنس

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام سالانہ میلاد مصطفی کانفرنس جامع مسجد سادات بندر روڈ میں منعقد ہوئی جس میں لاڑکانہ سمیت ملک کے نامور درگاہ مشوری شریف کے صاحبزادے منیر احمد مشوری، پروفیسر منظور احمد مشوری، ڈاکٹر حق نبی سکندری، پی ایس ٹی سندھ کے سینئر صوبائی رہنما مولانا علی نواز قاسمی، ضلعی صدر شمس الدین سروہی، پیر سید عطاء اللہ شاہ لکیاری، مخدوم حافظ امام بخش عرف سہنل سائیں، مخدوم شفیق الرحمان سومرو، سید مزمل حسین شاہ، مولانا کریم بخش قاسمی، مولانا بدرالدین، حافظ در محمد سہڑو سمیت بڑی تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جن کی حیات طیبہ ہدایت کا راستہ ہے، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دونوں جہانوں کے لیے رحمت العالمین بن کر آئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشریف آوری سے دنیا سے کفر کے اندھیرے ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئے اور ساری دنیا روشن ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتا ہے، کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ایمان کی علامت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے تمام غلط رسمیں بالکل ختم ہوگئیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محسن انسانیت بن کر آئے، اللہ تعالی نے پوری کائنات کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے میں پیدا کیا، یہ سب چیزیں ہمارے مسلمانوں کے نصیب میں آئیں، آج امت مسلمہ اور حکمرانوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارک پر عمل کرنا چاہیے تاکہ امن قائم ہو اور ملک خوشحال ہو۔