مزید خبریں

پیٹرولیم مصنوعات تاریخی اضافہ واپس لیا جائے ،بشری صادقہ

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل بشری صادقہ ،ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس ،جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر فریحہ کاشف ،فاخرہ اکرام، ثمینہ پروز،سیکرٹری اطلاعات نصرالاسلام نے اپنے مشترکہ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی اضافہ کو عوام پر ظلم قراردیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز15ستمبرکو چوک گھنٹہ میں ہونے والے مہنگائی کے خلاف جلسہ عام میں ہزاروں خواتین نے شریک ہوکر حکومت کو واضح پیغام دیاتھاکہ وہ اب یہ ظلم برداشت نہیں کریں گی،15ستمبرکے کامیاب جلسہ عام کے بعد21سے23ستمبرتک ہونے والاتین روزہ گورنرہاوس کے سامنے دھرناعوام کا حکومت کی پالیسیاںکے خلاف اعلان جنگ ہوگا۔ حکومتی پالیسیوں نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے فیصل آبادکے جلسہ عام میںجس طرح خواتین ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوئی ہیں اس کامطلب ہے کہ وہ چوروں اورڈاکوئوںسے نجات چاہتی ہیں۔ضلعی ناظمہ ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے کہاکہ نے نگراں حکومت کی جانب پیٹرول کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اور مزید 26روپے اضافے اور ایک ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں58روپے 48پیسے اورڈیزل کی قیمت میں 55روپے 78پیسے کے اضافے کے ظالمانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تو بار بار اضافہ کر کے سارا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے لیکن جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس لگانے اور حکمران ٹولے و طبقہ اشرافیہ کی مراعات اور ان کو مفت بجلی و پیٹرول کی فراہمی ختم کرنے پر تیار نہیں۔ نگراں حکومت بتائے کہ سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے وڈیروں وجاگیرداروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا؟ آئی ایم ایف پیٹرول و بجلی قیمتیں کم کرنے کی اجازت تو نہیں دے رہا کیا‘ وڈیروں و جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے سے بھی اس نے روکا ہے؟ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے مطالبہ کیا کہ اضافے کا ظالمانہ فیصلہ واپس لیا جائے،پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں، بجلی کے ظالمانہ و بھاری بلوں اور ٹیکسوں کی بھر مار سے عوام کو نجات دلائی جائے۔ وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے۔ حکمرانوں اور وزیروں سمیت اعلیٰ افسران اور مراعات یافتہ طبقات کو مفت بجلی و پیٹرول دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔