مزید خبریں

پاکستان عدالتی کارروائی لائیو دکھانے والا دوسرا ایشیائی ملک بن گیا

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان براہ راست عدالتی کارروائی دکھانے والا دوسرا ایشیائی ملک بن گیا ہے، عدالت عظمیٰ پاکستان نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی براہ راست سماعت سے ملک کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار کسی کیس کی لائیو اسٹریمنگ کی ہے۔ عام طور پر کمرہ عدالت کے اندر کیمروں کی اجازت نہیں ہوتی اور آپ تصویر بھی نہیں کھینچ سکتے۔ لیکن پاکستان پہلا ملک نہیں ہے جس نے اپنی عدالت عظمیٰ سے عدالتی کارروائی کو براہ راست نشر کیا ہے۔ دنیا میں اس کی اور بھی مثالیں موجود ہیں۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں عدالت عظمیٰ صرف آڈیو کو براہ راست نشر کرتی ہے۔ عدالت عظمیٰ بھارت نے ستمبر 2022ء میں آئینی معاملات کی لائیو اسٹریمنگ شروع کی تھی۔ کینیڈا، برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقا کی اعلیٰ عدالتوں نے بھی عدالتی مقدمات کی لائیو اسٹریمنگ کا طریقہ اپنایا ہے۔