مزید خبریں

تعلیمی اداروں سیاسی رہنمائوں کو بلانے کا نوٹس لیا جائے

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی نے شہر کے زنانہ و مردانہ تعلیمی اداروں کی تقریبات میں مسلم لیگ ن کے سابق ارکان اسمبلی اور امیدواران کو بطور مہمانان خصوصی بلانے کو قبل از انتخاب دھاندلی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ امیر جماعت اسلامی فیصل آباد پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے اس حرکت نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی غیر جانبداری کو بھی مشکوک کردیا ہے۔کسی بھی سیاسی جماعت کو سرکاری اداروں اپنی جماعت کی تشہیرکی اجازت دینا سراسر غیر قانونی ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر کی طرف سے تقریبات منعقد کروانے والے کالجز کے سربراہان، چیف الیکشن کمشن پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی سیکرٹری تعلیم اور ڈائریکٹر کالجز کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں، اگر الیکشن کمیشن نے اس پر فوری ایکشن نہ لیا تو اعلیٰ عدلیہ سے بھی رجوع کیاجائے گا ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ زنانہ کالجز میں ایسی تقریبات چادر اور چار دیواری کے تقدس کے بھی خلاف ہیں جس سے والدین میں بھی اضطراب پایا جارہا ہے ، اس سلسلے میں جلد والدین اور علمائے کرام سے رابطہ کرکے اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔